پاکستان
10 مارچ ، 2015

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ بلوچستان کی ہے، سیاسی رہنما

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ بلوچستان کی ہے، سیاسی رہنما

اسلام آباد........سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیر اعظم کے فیصلے کو جمہوریت کی فتح قرار دیا،ساتھ ہی بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ بلوچستان کی ہے، وہاں کی جماعتیں اتفاق رائے سے جو نام ديں گے وہی متفقہ امیدوار ہوگا، سینیٹ انتخابات پر فاٹا کا صدارتی آرڈیننس فوری واپس لینے کافیصلہ بھی ہوگیا۔ اجلاس کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفت گو میں پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ رضاربانی کا متفقہ چیئرمین سینیٹ بننا سیاست کی بالغ النظری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو آصف زرداری کی مفاہمتی پالیسی کا ثمر قراردیا۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا کہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے ہوئے جن میں ڈپٹی چیئرمین بلوچستان سے نامزد کرنا اور فاٹا سے متعلق صدارتی آرڈیننس واپس لینا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تمام جماعتوں نے متفقہ امیدوار لا کر جمہوریت کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اکیسویں ترمیم سے متعلق تحفظات پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بھی فیصلے کو سراہا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر چھوٹی جماعتوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ورنہ ان میں احساس محرومی بڑھ جائے گا۔

مزید خبریں :