03 مئی ، 2012
مظفر آباد … وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ بجٹ میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کا تناسب 60 اور 40 فیصد رکھا جائے گا، حکومت کو مالی طور پر خود کفیل کرنے کیلئے اپنے ذرائع آمدن بڑھانا ہوں گے۔ ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ سیاحت آمدن کا سب سے اہم ذریعہ ہے، انہوں نے انٹرا کشمیر ٹریڈ کے ٹیکسوں سے ہونے والی آمدنی کو آزاد کشمیر کے بجٹ کا حصہ بنانے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرا کشمیر ٹریڈ پر لئے جانے والی رقم غنڈہ ٹیکس ہے جس کو ضابطے میں لانا ضروری ہے۔ ایک اندازے کے مطابق کراس ایل او سی ٹریڈ سے ٹیکس کی مد میں 38کروڑ روپے ماہانہ وصول کئے جارہے ہیں۔