12 مارچ ، 2015
کراچی......کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارکو بتایا گیا ہےکراچی میں ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو اور اطراف میں رینجرز کا آپریشن سپریم کورٹ کی رولنگ اور حکومت کی طرف سے حاصل مینڈیٹ کے تحت کیا گیا۔کورکمانڈر نے امید ظاہرکی کہ آخری ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ شخص کے خاتمے تک غیر جانبدارانہ آپریشن جاری رہےگا۔کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختا ر نے کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔کورکمانڈر کو بتایا گیا کہ نائن زیرو اور اطراف میں رینجرزآپریشن، اہم ٹارگٹ کلرز ،مفرور ملزمان ،جرائم پیشہ افراد اور ناپسندیدہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔یہ افراد وہاں بنائے گئے نوگو ایریا میں چھپے ہوئے تھے۔کور کمانڈرکو یہ بھی بتایا گیا کہ خورشید میموریل ہال ،اطراف کے دفاتر اور گھروں سے بڑی مقدار میں ممنوعہ ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔ ڈی جی رینجرز نےمطلوبہ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق کورکمانڈرکو بتایاکہ گرفتار چھبیس ٹارگٹ کلرزکو آج عدالت میں پیش کیاجائےگا،ستائیس جرائم پیشہ وروں کے نام پہلے ہی ایف آئی آر میں نامزد ہیں، ان افراد کو نوے دن کے لیے حفاظتی حراست میں لیاگیا ہے۔ کورکمانڈر نے آپریشن کے دوران ضبط کیا گیا اسلحہ بھی دیکھا۔اس میں پانچ جی تھری ،تئیس ایس ایم جی ،دو ایل ایم جی ،بائیس عدد بارہ بور کی پستولیں ،انیس عدد سات ایم ایم رائفلیں ،چار عدد آٹھ ایم ایم رائفلیں ، دوسو تئیس قسم کی دو رائفلیں، بائیس قسم کی 25 رائفلیں ،222قسم کی تین کی رائفلیں ،ایک ایم فور،چودہ ٹی ٹی پستول ،چار نو ایم ایم پستولیں ،چھ سائلنسر ،پانچ دوربین ،چھتیس واکی ٹاکی اور دو بلٹ پروف جیکٹ شامل ہیں ۔