13 مارچ ، 2015
کراچی .......کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے 32 کارکنان کو 90 روز کے لیے رینجرز کے حوالے کردیا ہے۔ رینجرز کی جانب 58 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار 32 کارکنوں کو رینجرز نے آنکھوں پر پٹیاں اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں پیش کئے جانے والے ملزمان میں جیو نیوز کے صحافی ولی خان بابر قتل کیس کے مجرم فیصل موٹا اور عبید کے ٹو سمیت دیگر شامل ہیں ۔ ملزمان پر دہشتگردی، غیرقانونی اسلحہ اور دھماکاخیز مواد رکھنے کے مقدمات ہیں۔ عدالت نے اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے کے الزام میں 25 مارچ تک فیصل موٹا،نادر شاہ ،عامر علی اور شبیر سمیت 9ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے دیگر 26 ملزمان کو تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا جس کے بعد انہیں ہتھکڑیاں لگا کر ہی واپس لے جایا گیا۔واضح رہے کہ 11 مارچ کو رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کر پارٹی رہنما عامر خان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔