13 مارچ ، 2015
اسلام آباد........وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہاہے کہ جہاں بجلی کے واجبات نہیں ملیں گے، وہاں بجلی نہیں دیں گے۔ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفامر اتارنا پڑے تو اتاریں گے۔اسلام آبادمیں واپڈا کے دو مقتول ملازمین کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔ خواجہ آصف نے ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کسی کی جان لینا انتہائی افسوس ناک ہے۔بجلی چور واپڈا کے دفاتر پر حملہ کرتے ہیں،جہاں بجلی کے واجبات نہیں ملیں گے، وہاں بجلی نہیں دیں گے۔ہمیں بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفامر اتارنا پڑے تو اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ صنعتی حصے میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔انہوں نےکہا کہ ٹرانسمیشن سسٹم کو جدید کر رہے ہیں،جہاں بجلی چوری ہو گی وہاں زیادہ دھیان دینا پڑے گا۔