16 مارچ ، 2015
لاہور.......پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ یوحنا آباد واقعے کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے، حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے دو افراد کو زندہ جلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔ لاہورمیں امن وامان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کےشریک ہیں، یوحنا آباد واقعے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ وزیر اعلی ٰ نے حکم دیا کہ دو افراد کو زندہ جلانے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور گرجا گھروں کی سیکیورٹی مزید سخت بنائی جائے۔شہبازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان میں میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب،نسل یاطبقے سے ہو۔