04 مئی ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم کو عدالتی سزا کے معاملے پر قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نون کا پرزور احتجاج اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، حکومت نے اس طرزعمل کو خلاف قواعد کہتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت پٹڑی سے اتری تو ذمہ دار مسلم لیگ نون ہوگی ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کی زیر صدارت شروع ہوا تو وزیراعظم کو عدالتی سزا کے معاملے پر مسلم لیگ ن والوں نے ایجنڈا کی کاپیاں پھاڑتے ہوئے پھر شدید احتجاج کیا ، وہ وزیراعظم اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے جبکہ قائدایوان کی نشست کا علامتی گھیراوٴ بھی کیا گیا، وزیرقانون فاروق نائیک نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا احتجاج قواعد کے خلاف ہے،یوسف رضاگیلانی اب بھی رکن اسمبلی اور وزیراعظم ہیں، عدالت یا الیکشن کمیشن نے گیلانی کو نااہل نہیں کہا، جمہوریت پٹڑی سے اتری تو ذمہ دار مسلم لیگ ن ہوگی، اتحادیوں سے اتفاق کے بعد ہزارہ صوبہ کی قرارداد لائیں گے ،قومی اسمبلی میں آج باجوڑ دھماکے کے جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ایوان نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کا بل 2012ء منظور کرلیا، اسکے بعد اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاگیا۔