18 مارچ ، 2015
اسلام آباد.......پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف کے تحقیقاتی کمیشن نے پارٹی کی تمام مرکزی کمیٹیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے، تاہم کہا ہے کہ اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا اور پی ٹی آئی کی کوئی تنظیم تحلیل نہیں کی گئی،کسی دلچسپ کرکٹ میچ کی طرح تحریک انصاف کی جماعتی سیاست میں بھی ایک نیا موڑ آیا ہے۔ جسٹس وجیہ الدین احمد کی سربراہی میں پارٹی کے تحقیقاتی کمیشن نے تحریک انصاف کی تمام مرکزی کمیٹیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس بات کی تصدیق پارٹی ترجمان شیریں مزاری نے بھی کی، مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ پارٹی کی کسی تنظیم کو تحلیل کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔اس سے پہلے عام انتخابات سے قبل تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات کے موقع پر بھی کئی مسائل اور اختلافات سامنے آئے تھے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ کمیٹیاں تحلیل کرنے کا اختیار پارٹی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور عمران خان کے پاس ہے، شیریں مزاری نے بتایا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے مشاورتی اجلاس اتوار کو بنی گالا میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد اعلیٰ قیادت حتمی فیصلہ کرے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ترجمان عمر چیمہ کا بھی کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی سفارشات پر فیصلہ 22مارچ کو سینئرقیادت کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو کسی قسم کا شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔