23 مارچ ، 2015
اسلام آباد......ملک کے لیے تعلیم، صحافت اور دیگر شعبوں میں خدمات پر بھی متعدد نامور شخصیات کی زندگی بھر کی جدوجہد کا اعتراف کیا گیا اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سرکاری اعزازات سے نوازا گیا۔ ممتاز بینکار آغا حسن عابدی مرحوم کو عوامی خدمت پر تمغۂ امتیاز دیا گیا۔ انہوں نے یونائیٹڈ بینک اور پھر بی سی سی آئی کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر عمرسیف کو آئی ٹی کے شعبے میں ان کی خدمات پر ستارۂ امتیاز دیا گیا۔ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں نئی دریافتیں کرنے پر انہیں دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ عطاء الرحمان ممتاز صحافی ہیں جنہیں پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا ہے۔ منہاج برنا مرحوم نے کارکن صحافیوں کے لیے مثالی خدمات سرانجام دیں۔ انہیں تمغہ امتیاز دیا گیا ہے۔ قاری صداقت علی کو فن قرات پر ستارۂ امتیاز دیا گیا۔ ثمینہ بیگ نے کوہ پیمائی میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔ ممتاز صحافی عبدالروف طاہر کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔ سید تابش الوری کو ادب اور صحافت میں ان کی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔ خواجہ بابر سلیم محمود کو بھی ان کی صحافتی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس ملا۔ سینئر صحافی محمد ادریس بختیار کو بھی صحافت کےک شعبے میں خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔ صدیق بلوچ کو صحافت کے شعبے میں ستارۂ امتیاز دیا گیا جبکہ ڈاکٹر محمد شکیل اوج شہید کو تعلیم کے شعبے میں خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔