پاکستان
05 مئی ، 2012

جنرل کیانی کا بھارت کیساتھ اعتماد سازی کیلئے اقدامات پر زور

جنرل کیانی کا بھارت کیساتھ اعتماد سازی کیلئے اقدامات پر زور

اسلام آباد… آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد سازی کے مزید اقدامات پر زور دیتے ہوئے سیاچن سے نئی دلی کو پیغام دے دیا ہے۔ سینئر صحافی عامر متین کی رپورٹ کے مطابق جنرل کیانی نے یہ پیغام گیاری سیکٹر کے دورے کے موقع دیا۔ آرمی چیف کا تیسرا دورہء گیاری وہ پہلا موقع تھا جب بھارتی خاتون صحافی دی ہندو کی نمائندہ انیتا جوشوا کو پہلی بار سیاچن میں اگلے مورچوں سے صرف ساڑھے تین میل کے فاصلے پر لے جایا گیا۔ اپنے دورے میں جنرل کیانی نے سیاچن کو غیر فوجی علاقہ بنانے پر زور دیا۔ ان کے اس مطالبے کو بھارت میں بھی کچھ اگر مگر کے ساتھ مثبت لیا گیا۔ انہوں نے ایک ماہ میں تیسری بار مسئلے کے پْرامن حل کی بات کی ، لیکن ساتھ ہی بھارت کے غیر مناسب رویے کی نشاندہی بھی کی۔ جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ انیس سو نواسی میں دونوں ملک کنٹرول لائن کے انتہائی شمال میں مقامNJ 9842کی گراوٴنڈ پوزیشن کو مستند حیثیت دینے پر متفق ہوگئے تھے مگر بعد میں بھارت نے سیکریٹری دفاع سطح پر مذاکرات میں موٴقف تبدیل کرلیا۔’اصل میں موجودہ پوزیشن کی توثیق اور پھر مقررہ حدبندی پر انخلا کا معاملہ تھا۔ مگر میں آپ سے بے تکلفی کے ساتھ یہ کہنا چاہوں گا کہ حالیہ پاک بھارت سیکرٹری دفاع مذاکرات میں یہ معاملہ پرانی سطح پر آگیا۔ کیونکہ Authentication کی اصطلاح استعمال ہوئی تھی لیکن اب بھارت کی طرف سے یہ مطالبہ رکھ دیا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی ازسرنو حدبندی کی جائے۔ اس طرح مذاکرات میں معاملہ وہیں پرانی سطح پر آگیا۔ اس کے باوجود ہم نے ابھی اس پر بات کرنی ہے اور مسئلے کے پرامن حل سے بہتر کوئی چیز نہیں‘۔ جنرل کیانی نے کہا کہ وہ مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی فرائض کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

مزید خبریں :