پاکستان
05 مئی ، 2012

لیار ی میں حالات معمول پر، دکانیں کھل گئیں،ٹریفک بحال

لیار ی میں حالات معمول پر، دکانیں کھل گئیں،ٹریفک بحال

کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس آپریشن ختم ہونے کے بعد حالات معمول پر آرہے ہیں۔دوکانیں کھل گئی ہیں جبکہ علاقہ مکین بھی آزادانہ روز مرہ کے امور انجام دے رہے ہیں۔ لیاری کے علاقہ مکینوں کے لئے گزشتہ آٹھ دنوں سے جاری پولیس آپریشن کے بعد آج ایک معمول کا دن تھا۔ صبح صبح بچے طویل ناغہ کے بعد تعلیم کا سلسلہ جوڑنے اسکول گئے تو دوسری جانب صبح کے اوقات میں کھلنے والے چائے کے ہوٹل اور اخبارات کے اسٹالز پر خریداروں کا رش رہا۔ گزشتہ شب پولیس کی جانب سے لیاری آپریشن 48 گھنٹوں کیلئے روکنے کے اعلان کے بعد لیاری کے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول کے مطابق ہے۔دوکان داروں کا کہنا ہے کہ آٹھ دنوں سے جاری آپریشن میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لیاری میں سی آئی ڈی پولیس نے ایف سی اور سندھ ریزرو پولیس کے ہمراہ آٹھ روز تک آپریشن کیا ۔ آپریشن کے دوران علاقہ میں کاروبار زندگی مکمل طور مفلوج رہی ۔ اس دوران علاقے میں موبائل سروس بند ہوگئی تھی جسے آج بحال کردیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران فائرنگ سے علاقے میں موجود پی ایم ٹیز تباہ ہوگئے تھے جن کا مرمتی کام جاری ہے اور بجلی کی بحالی شروع کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :