31 مارچ ، 2015
اسلام آباد.......... وفاقی حکومت نے محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ سزائے موت کے قیدی صولت مرزا سے پوچھ گچھ کے لیے مشترکا تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے ۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا گیا ہے کہ سزائے موت کے قیدی صولت مرزا سے پوچھ گچھ کے لیے ایک مشترکا تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے۔ محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس کمیٹی میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ صولت مرزا کے 19مارچ کے اس ویڈیو بیان سے متعلق تحقیقات کی جائیں جو اس نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر مرکزی رہنماؤں سے متعلق بلوچستان کی مچھ جیل سے اپنی پھانسی سے چند گھنٹے پہلے دیا تھا ۔ خط کی ایک کاپی بلوچستان کے محکمہ داخلہ کو بھی ارسال کی گئی ہے جس میں اسے ضروری معاونت کا کہا گیا ہے۔