01 اپریل ، 2015
کراچی ......ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کوجناح گراؤنڈ میں جلسے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی یادگارشہداکےتقدس کاخیال رکھے اورشوق سے جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرے ۔الطاف حسین نےگورنر اور وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ دونوں پارٹیوں کے ذمہ داروں کاہنگامی اجلاس طلب کریں اور ضمنی الیکشن کیلئے ضابطہ اخلاق بنا ئیں۔ایک بیان میں الطاف حسین نےگذشتہ روز تحریک انصاف کے رہنماؤں ، کارکنوں اور قومی اسمبلی کےحلقہ 246کے مکینوں کے درمیان ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتے ،وہ پرامن اورمنصفانہ طورپر الیکشن کاا نعقاد چاہتے ہیں ۔الطاف حسین نے کہا کہ کیا تحریک انصاف اور پورے پاکستان کو نہیں معلوم کہ جناح گراؤ نڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم کے شہدا کی عظیم تاریخی یاد گار ہے، اگر تحریک انصاف کے لوگ جناح گراؤنڈ کے علاوہ کسی اور جگہ جلسہ کریں تواس سلسلے میں جو تعاون ایم کیوایم سے ہوسکا وہ کریں گے، لیکن اگر وہ بضد ہیں کہ وہ جناح گراؤنڈہی میں جلسہ کریں گے تو اس بات کا موقع دیا جائے کہ ایم کیوایم یادگارشہداء کی حفاظت کیلئے پائیدار انتظامات کرسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف سے گزارش کر یں گے کہ وہ یادگارشہدا اور اس کے تقدس کا خیال رکھے اور شوق سے جناح گراوٴنڈ میں جلسہ کریں۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کو صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔