01 اپریل ، 2015
ندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے رہنماؤں کے اعصاب توڑنے کیلئے ان پرچاروں جانب سے حملے اورجھوٹے الزامات کی بھرمارکی جارہی ہے لیکن رہنمااور کارکنان فولادی اعصاب کے مالک ہیں اس قسم کے ہتھکنڈوںسے ان کے اعصاب توڑے نہیں جاسکتے ۔ یہ بات انہوں نے نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی ، منتخب عوامی نمائندوں اور ایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی،انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم ،پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اوربلاامتیاز رنگ ونسل، جنس، قومیت، مسلک اور مذہب ملک بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے،اور یہ لبرل، پروگریسیو ، امن اورجمہوریت پسند جماعت ہے،پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعہ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کاخاتمہ چاہتی ہے،ہم قانون پسندہیں اور قانون کی حکمرانی پریقین رکھتے ہیں۔ الطاف حسین نے مزید کہاکہ نامساعد حالات اور آزمائش کے مراحل کا سامنا دنیا کی ہر حق پرست تنظیم کو کرنا پڑتا ہے، ہمیں بھی آزمائشوں کا سامنا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ایم کیوایم کے رہنماؤں اورکارکنوں کے اعصاب فولاد کی طرح مضبوط ہیں اور یہ کٹھن حالات ایم کیوایم کے رہنماؤں اورکارکنوں کے اعصاب کو نہیں توڑ سکتے، ایم کیوایم کو ختم کرنے کی جتنی کوششیں کی جائیں گی انشاء اللہ ایم کیوایم کا پیغام اتنی ہی تیزی سے دنیا بھر میں پھیلے گااورہم تمام ترمصائب ومشکلات کے باوجود اپنی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔الطاف حسین نے کہاکہ میری جانب سے تحریک انصاف کو جناح گراؤنڈ میں جلسہ کی دعوت دینے پر ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن اورنائن زیرو پاکستان میں عوام کے بڑی تعداد میں ٹیلی فون، فیکس اور ای میل کے ذریعہ پیغامات موصول ہورہے ہیں اور وہ اس پرخفگی کا اظہارکررہے ہیں لیکن میں ان سب سے کہتا ہوں کہ آپ اعلیٰ ظرفی کامظاہرہ کریں ، اللہ تعالیٰ اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مزید بڑائی عطاکرتا ہے ، آ پ اپنا دل بڑا کیجئے ، اللہ تعالیٰ آپ کو مزید نعمتوں سے نوازے گا اورآپ کی مشکلات کو آسان کرے گا۔الطاف حسین نے عوام سے کہاکہ آپ کے قائد اور اس کے نظریہ کامعاملہ بے جان چیزوں سے نہیں بلکہ روحوں اور دلوں سے جاکر ملتا ہے ، کوئی دیوار پر لگی تصویر ہٹا سکتا ہے لیکن دلوں میں موجود تصویر کو دنیا کی کوئی بھی طاقت ختم نہیں کرسکتی ۔