پاکستان
02 اپریل ، 2015

کارکنوںکی گرفتاریوں پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہارمذمت

کارکنوںکی گرفتاریوں پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہارمذمت

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے فیڈرل بی ایریا، بلدیہ ٹاؤن ،لانڈھی،نارتھ کراچی سےایم کیوایم کے 11 کارکنان اور ایک ہمدرد کی گرفتاریوںکی شدیدمذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فیڈرل بی ایریا میں این اے 246 کے ضمنی الیکشن ہونے والے ہیں لیکن اس علاقے میں سرکاری اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کے گھروںپرچھاپے مارے جارہے ہیں اورانہیں ہراساں کیاجارہا ہے ۔ جمعرات کی شب سرکاری اہلکاروں نے فیڈرل بی ایریا سیکٹر کمیٹی کے رکن نوید فاروقی اور یونٹ 151 کے کارکن محمد سعادت کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مار ے اور انکے نہ ملنے پر اہل خانہ سے بدتمیزی کی،جبکہ جمعرات کی صبح بلدیہ ٹاؤن میں چھاپے مارکر کئی کارکنوںکوگرفتارکیا گیا،جن میں بلدیہ ٹاؤن کے کارکنان عامر ملک ،ناصر ملک ،رانا جاوید، عمران پٹنی اور عبداللہ شامل ہیں۔ اسی طرح جمعرات کی صبح نارتھ کراچی کے کارکن محمد جاوید، محمدصادق اورکشمیر کمیٹی کے کارکن فیصل پراچہ کوبھی ان کے گھروںسے گرفتارکرلیاگیا۔ اسی طرح یونٹ 136-Aکے کارکن انیس الحق کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپہ مارا اوران کے نہ ملنے پر ان کے داماد کوگرفتارکرلیا۔ سی آئی ڈی کے اہلکاروں نے لانڈھی میں یونٹ 87 کے کارکنان نذیراور شہریارکوگرفتار کرلیا۔ اورنگی ٹاؤن کے کارکن سید آسف حیدرشاہ کو ان کے گھر سے گرفتارکرلیا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں گزشہ کئی ماہ کے دوران درجنوںبے گناہ کارکنان وہمدردوں کو گرفتارکیا جاچکا ہے جن میں سے متعددکوتومختلف جھوٹے مقدمات میں ملوث کردیاگیا، متعدد کارکنان کو سرکاری حراست میں تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔جبکہ متعددکارکنان کو تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیااوروہ لاپتہ ہیں جسکے باعث گرفتارشدگان کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک طرف ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریاںکی جارہی ہیں تودوسری جانب سرکاری اہلکاروں کی جانب سے ملیر کے مختلف علاقوں میں گھروں اور دکانوں کے مالکان کوہراساںکیاجارہا ہے اور انہیں گھروں اور دکانوں سے ایم کیوایم کے پرچم اور الطاف حسین کی تصاویر ہٹانے کیلئے دباؤڈالاجارہاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے سوال کیاکہ آخرلوگوںکوکسی بھی سیاسی جماعت کے پرچم یاکسی رہنماکی تصویرلگانے سے روکنے کا عمل کسی بھی طرح جائزہے ؟رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں بے گناہ شہریوں کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوںکے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیوایم کے دفتروںپرچھاپے مارکراور بے گناہ کارکنان وہمدردوں کو گرفتارکرکے ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پرقدغن لگائی جارہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ گرفتاریوں کا سلسلہ بندکرایاجائے ، تمام گرفتارشدگان کو رہا کرایا جائے اور ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پرقدغن لگانے کاسلسلہ بندکیاجائے ۔

مزید خبریں :