دنیا
02 اپریل ، 2015

یمن :حوثی باغیوں کیخلاف اتحادی فورسز میں کتنے ملک شامل ؟

یمن :حوثی باغیوں کیخلاف اتحادی فورسز میں کتنے ملک شامل ؟

نعاء........یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کے حملے جاری ہیں۔ اس اتحاد میں کتنے ملک شامل ہیں اور متاثرہ علاقوں سے پاکستانیوں کے انخلا کی کیا صورتحال ہے۔ یمن میں صدر منصور ہادی کی حکومت کااقتدار بحال کرانے کےلیے سعودی قیادت میں کئی ملکی اتحاد حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہا ہے۔ اس اتحاد کو دیکھا جائے تو اس میںمصر، کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، سوڈان اور اردن شامل ہیں جبکہ ملائیشیا بھی اس اتحاد کاحصہ بننے کا عندیہ دے چکا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے بھی فوجی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اتحادی فورسز کی اب تک جو کارروائیاں دیکھی گئی ہیں اس میں باغیوں کے مضبوط علاقے یعنی یمن کے شمال میں صعدہ، حجہ اور صنعا پربمباری کی گئی۔ جس میں ریپلکن گارڈ کے کیمپس کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ یمن کے جنوب مغربی صوبے اب اور تعز میں باغیوں کی پوزیشن کو ٹارگٹ کیا گیا۔ باغی تعز سے آبنائے المندب کے فوجی اڈے میں داخل ہوگئے ہیں جو بحیرہ احمر کا اہم تجارتی علاقہ ہے۔اس کے علاوہ جنوبی صوبے، عدن، شبوۃ اور ضالع میں باغیوں کی بریگیڈز کو اتحادیوں نے فضائیہ کے ذریعے نشانہ بنایا جبکہ بحیرۂ احمر میں موجود سمندری بحری بیڑوں نے بھی باغیوں کی پوزیشنوں پر میزائل داغے۔ اطلاعات کے مطابق باغیوں نے عدن میں صدارتی محل پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ تو کارروائیوں کی بات تھی۔ اب ان علاقوں میں محصور پاکستانیوں پر نظر ڈالی جائے تو عدن سے 181محصور پاکستانی چینی بحری جہاز کے ذریعے جبوتی پہنچے ہیں، جنہیں پی آئی اے کا خصوصی طیارہ وہاں سے وطن واپس لائے گا۔اسی طرح پاک بحریہ کا جہاز مکُلا پر لنگر انداز ہےاور پاکستانی شہریوں کا انتظار کررہا ہے۔ کئی پاکستانی اس وقت مکُلا کے مختلف علاقوں میں ہیں اور کلیئرنس ملتے ہی بندرگاہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں سے یہ بحری جہاز انہیں پاکستان واپس لائے گا۔

مزید خبریں :