03 اپریل ، 2015
کراچی........محکمہ انسداد تجاوزات نے نارتھ ناظم آباد کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی بابر غوری کے شادی ہال کوگرادیا۔ محکمہ بلدیات اور انسدادتجاوزات کی جانب سے اب تک 40سے زائد شادی ہال مسمارکئے جاچکے ہیں۔ وزارت بلدیات کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کراچی میں گرینڈ آپریشن جاری ہے،فائیو اسٹار چورنگی پر محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے گرائے جانے والا شادی ہال ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کا ہے۔ شہر قائد میں غیر قانونی شادی ہالز کے خلاف آپریشن جاری ہے سوک سینٹر کے قریب غیر قانونی طور پر قائم تین شادی ہال بھی مسمار کردیئے گئے۔ فائیو اسٹار چورنگی پر قائم فلورنس شادی لان رفاہی پلاٹ پر قائم تھا جس کو مسمار کردیاگیا اورمیونسپل کمشنر مسعود عالم نے اس عمل کی نگرانی کرتے ہوئے بتایاکہ جہاں جہاں رفاہی پلاٹوں پر تجاوزات قائم ہونگی ان کو مسمار کردیا جائے گا۔ حکام کے مطابق تمام شادی ہال غیر قانونی طور پر رفاہی پلاٹوں پر قائم کیے گئے تھے۔ یک ہفتے کے دوران شہر میں 40سے زائد غیرقانونی شادی ہال مسمارکردئے گئے۔ مسعود عالم نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے قائم گرین بیلٹس کو بھی ماضی میں کرپشن کی نظر کردیا گیا اور ان پر کاروباری سرگرمیاں شروع کرائی گئیں لیکن اب تمام گرین بیلٹس کو بھی ان لینڈ مافیا سے آزاد کرایا جائے گا۔ میونسپل کمشنر نے تمام اضلاع میں تجاوزات کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے اور اس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچانے پر بھی زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکس اس شہر کے عوام اور بالخصوص بچوں کے لئے مختص ہیں اور ان پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔