دنیا
04 اپریل ، 2015

ڈیلس: امریکن مسلم ڈیموکریٹک کا اندرے کارسن کے اعزاز میں ظہرانہ

ڈیلس: امریکن مسلم ڈیموکریٹک کا  اندرے کارسن کے اعزاز میں ظہرانہ

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ...... ڈیموکریٹک پارٹی کی ٹکٹ پر امریکا کی ریاست انڈیانا سے منتخب ہونے والے امریکی کانگریس کے مسلمان رکن آندرے کارسن نے کہا ہے کہ امریکا میں بسنے والے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ پارٹی میں اپنی حیثیت کا لوہا منوانے کے لئے لوکل کائونٹی اور ریاستی سطح پر آگے آ کر اپنا کردار ادا کریں اس ضمن میں امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس جو کردار ادا کر رہی ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے یہ بات انہوں نے ڈیلس میں امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس اور ٹیکساس مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے عہدیداروں اور اراکین بورڈ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ کانگریس مین آندرے کارسن کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹک پارٹی میںقائم مختلف کاکس اور ذیلی تنظیموں کے ذریعے نہ صرف مقامی بلکہ انٹرنیشنل ایشوز پر پارٹی پالیسیاں تشکیل دینے میں بھرپور مدد مل رہی ہے انہوں نے کہاکہ مسلمان نہ صرف پارٹی میں موجود ان ذیلی تنظیموں کے ذریعے بلکہ مقامی سطح پر پارٹی انتخابات میں حصہ لیں اور اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے مقامی سطح پر سرگرم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پر ہم جیتتے ہیں وہاں ہم ہارتے بھی ہیں لیکن اس چیز سے مایوس نہ ہوں بلکہ مسلمانوں ہمدرد اُمیدواروں کی انتخابات میں مالی اعانت کریں انہوں نے کہاکہ مسلمان یہ شکایت کرتے ہیں کہ کائونٹی اور ریاستی سطح پر مسلمانوں سے تعاون نہیںکیا جاتا لیکن اس کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اُس عمل کا بھرپور حصہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کے جدید دور میں میڈیا کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا میڈیا کے ذریعے ہم بے بنیاد پروپیگنڈوں کا درست طور پر دفاع کر سکتے ہیں اور عوام میں اس سے متعلق شعور بیدار کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے شریک چیئرمین سید فیاض حسن نے مسلمان رکن کانگریس کو بتایا کہ ہم گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے کام کر رہے ہیں اور مسلمناوں میں اس بات کا شعور بیدار کر رہے ہیں کہ وہ امریکی سیاسی نظام میں فعال کردار ادا کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی آواز بلند کر سکیں۔ اس موقع پر مسلم ڈیموکریٹک کاکس ٹیکساس کے صدر عماد سلیم‘ اراکین بورڈ آفتاب صدیقی‘ عامر‘ ملسیا واکر‘ امیر مکھانی‘ طارق جعفری‘ یاسر عرفات‘ امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور کنسلٹنٹ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ سائوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے ڈائریکٹر آصف آفندی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :