دنیا
04 اپریل ، 2015

پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں،جلیل عباس جیلانی

پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں  مضبوط ہو رہی ہیں،جلیل عباس جیلانی

ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ...... پاکستان میں امریکا کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے ملک کی معیشت مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے، یہ بات انہوں نے ڈیلس میں پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس (PSNT) کی جانب سے 23 مارچ قرارداد پاکستان کی خوشی میں منعقدہ پاکستانیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے بھرپور آپریشن کے نتیجے میں آج ملک ماضی کے مقابلے میں انتہائی پُرامن ملک بن گیا ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت دہشت گرد اپنے حملے آسان اہداف پر کر رہے ہیں جیسے اسکول‘ گرجا گھر وغیرہ لیکن ہمارے بچے اور ملک کے عوام یہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ ان انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے ملک کی جان چھڑائی جائے جو کہ امن کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک امریکا تعلقات انتہائی مستحکم ہیں اس ضمن میں 6 ورکنگ گروپ مختلف شعبہ ہائے جات میں جن میں مالیات‘ انسداد دہشت گردی‘ توانائی‘ تعلیم‘ دفاع‘ کرپشن اور نیو کلیئر شامل ہیں‘ پر کام کر رہے ہیں اس ضمن میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے جبکہ ہماری عوام اس ضمن میں امریکا کے انتہائی شکرگزار ہیں کہ وہ اس ضمن میں ہمارے ساتھ مدد و تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری 75 ویں قرارداد پاکستان کی سالگرہ ہے جو کہ ہمیں اپنے آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے جبکہ یہ اس بات کی بھی یاد دلاتی ہے کہ ہمارے قائد نے جو ملک ہمیں دیا وہ یہ چاہتے تھے کہ یہ ایک ایسا ملک ہو جہاں مسلمان اپنی زندگیاں امن کے ساتھ گزار سکیں‘ جہاں پر مسلم‘ عیسائی‘ یہودی اور تمام مذاہب کے لوگوں کو جو بھی پاکستانی ہیں‘ امن و چین کی زندگیاں بسر کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی صحافی اینتھن کیسی کی پاکستان کے بارے میں لکھی گئی کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کی کتاب پاکستان کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے پیش کرتی ہے جس پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر امریکی کانگریس کی رکن ایڈی برنیس جانس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ا مریکہ مختلف ثقافتوں کا مجموعہ ہے اور اس ملک کی بڑی خوبی یہ ہے کہ اس نے ہر آنے والے کو اپنے گھر میں جگہ دی ہے ۔تقریب سے پاکستان سوسائٹی کے صدر ندیم زمان‘ امریکی صحافی اور رائٹر ایتھن کیسی‘ قونصل جنرل آف پاکستان ہیوسٹن افضال محمود‘ عبدالحفیظ خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور بورڈ آف ٹرسٹی کے اراکین جن میں امیر علی روپانی‘ امیر مکھانی‘ برکت بسریا‘ سلمان تابانی‘ امینہ اسماعیل‘ علی فاروق اور دیگر نے بھی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستانی فنکار عزیز وارثی اور دیگر فنکاروں نے پاکستان کے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب میں پاکستانی نژاد معروف آئل کمپنی کے مالک سید جاوید انور‘ سابق میئر پیرس ڈاکٹر ارجمند ہاشمی‘ ہیلتھ کیئر بزنس کے ٹائیکون ڈاکٹر حسن ہاشمی‘ سابق میئر مسز سلمیٰ ہاشمی اور دیگر مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔ اس طرح جشن پاکستان کا یہ پروگرام رات گئے تک جاری رہا۔

مزید خبریں :