07 اپریل ، 2015
کراچی .......کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 پر ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کی انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے۔ یہاں ایک آزاد امیدوا ر ایسابھی ہے جو صرف ایک ٹوتھ برش کے سہارے انتخابی مہم چلارہا ہے۔ یہ کراچی میں قومی اسمبلی حلقہ این اے 246 کا علاقہ کریم آباد ہے جہاں متحدہ اور تحریک انصاف کے کارکن آئے دن گتھم گتھا ہوتے رہتے ہیں۔ یہاں لوگوں کو ٹوتھ برش بانٹتا یہ شخص دکاندار نہیں بلکہ اسی حلقہ سے آزاد امیدوار اشرف علی ایڈووکیٹ ہے اورٹوتھ برش ان کا انتخابی نشان ہے۔ نہ کوئی پارٹی ہے اور نہ ہی کوئی ورکر، اشرف علی صرف اپنے اعتماد کے سہارے ہی خود اپنی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ بازاروں اور سڑک پر کھڑے لوگ اچانک انہیں اپنے درمیان پاکر حیران ہوجاتے ہیں۔ اشرف علی نے انتخابی فیس بھی موٹرسائیکل فروخت کرکے بھری۔ کہتےہیں جس طرح ٹوتھ برش دانت صاف کرتا ہے ویسے ہی یہ منتخب ہوکر حلقے کی گندگی صاف کریں گے۔ ٹریفک کے بیچ سے راستہ بناتے اشرف علی کو امید ہے کہ ہاتھیوں کی جنگ میں یہ تن تنہا معرکہ سرکرسکتے ہیں۔ اشرف علی کا ماننا ہے کہ حالات چاہے جتنے بھی مشکل ہوں، لیکن امید پر دنیا قائم ہے اور اسی امید کے سہارے یہ حلقہ این اے 246 پر ضمنی انتخاب لڑرہے ہیں۔