07 اپریل ، 2015
صنعاء.......ریڈ کراس کی پہلی پرواز طبی امدادی سامان لے کر صنعاء پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری کشیدگی میں اب تک 540سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی کارروائیاں 13ویں روز بھی جاری رہیں۔ عدن میں تازہ کارروائی میں 18افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ ادھر ریڈ کراس کا طیارہ میڈیکل اسٹاف کو لے کر دارالحکومت صنعاء پہنچ گیا ہے جبکہ امدادی سامان لے کر دوسرا طیارہ کل صنعاء پہنچے گا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ حالات سازگار ہونے کی صورت میں زمینی اور بحری راستوں سے بھی امدادی سامان جنگ زدہ علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ ادھر عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کشیدگی میں اب تک 540 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں 74بچے بھی ہیں۔