07 اپریل ، 2015
حیدرآباد........سندھ بھرمیں آج سے میٹرک کے امتحانات نقل کی ہنر مندی کے ساتھ شروع ہوگئے،لیکن ایسے طالب علم بھی کم نہ تھے جنہوں نے محنت اور ایمانداری سے پرچے حل کئے؟جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور نواب شاہ سمیت سندھ بھر میں میٹرک کا امتحان جیسے ہی آزمائش بن کر طالب علموں کے سامنے آیا، ویسے ہی ان جواں مردوں نے کمال پھرتی دکھائی اور اپنی کامیابی کے نسخوں کو جیبوں سے باہر نکال لیا اور شروع کردی کھلے عام نقل۔ نقل کرنے والوں کو نہ اساتذہ کا ڈر تھا اور نہ پکڑے جانے کا خوف اور ہوتا بھی کیوں نظر رکھنے والے اپنے فرائض سے نظریں چرائے جو بیٹھے تھے۔ کمرہ امتحان میں جسے دیکھو دلیری سے کھلے عام نقل کرتا پایا گیا۔ کچھ ایسے بھی تھے جنہیں کیمرے کے سامنے نقل کرتے شرم آئی۔ امتحانات کے موقع پر تدریسی عملہ تو فرض سے غافل دکھائی دیا، البتہ امتحانی مراکز کے باہربوٹی مافیا پوری طرح چوکس تھی لیکن ہر امتحان گاہ میں سب نقل کرنے والے ہی نہ تھے،ایسے طالبعلم بھی تھے، جنہوں نے محنت سے امتحانات کی تیاریاں بھی کیں اور یہاں بھی ایمانداری اور محنت سے پیپر دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی بورڈ کو اپنا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ محنتی طالب علوں کو ان کا حق مل سکے۔