دنیا
09 اپریل ، 2015

ہارون ہاشمی فلوریڈا اٹارنی کے دفتر میں اعلیٰ قانونی عہدے پرمنتخب

ہارون ہاشمی فلوریڈا اٹارنی کے دفتر میں اعلیٰ قانونی  عہدے پرمنتخب

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزاد ہ /نمائندہ خصوصی...... ٹیکساس جنرل اسپتال گرینڈ پیریر اور ہیلتھ کیئر بزنس کے ٹائیکون‘ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر حسن ہاشمی اور فلوریڈا ویسٹ چیپلن کی سابق میئر سلمیٰ ہاشمی کے صاحبزادے ہارون ہاشمی کو امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں اسٹیٹ اٹارنی کے دفتر میں لیگل ایکسٹریم کے عہدے کے لئے منتخب کر لیا گیا ہے، جہاں انہوں نے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ڈیلس میں منعقدہ ایک ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ ان کا اسٹیٹ اٹارنی آفس میں مذکورہ اسامی کے لئے منتخب ہونا ان کے اور ان کے پورے خاندان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی یہ بڑی خوبی ہے کہ آپ محنت کریں اس کے بعد جو آپ چاہیں وہ آپ کو مل جاتا ہے، قانون میں ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کے بعد وہ واپس ڈیلس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کا یہ مشن ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں یا کسی تنظیم یا سرکاری عہدے کی صورت میں امریکہ میں مقیم ساؤتھ ایشین کمیوٹی کی خدمت کریں اور امریکی نظام میں ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے تعاون اور ان کے تجربات سے اچھے قوانین بنوانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ایسے شعبہ جات میں زیادہ سے زیادہ آئیں جہاں پر پالیسیوں پر اثرانداز ہو سکیں اور اپنے معاشرے کی صحیح طور پر نمائندگی کر سکیں۔ ہارون ہاشمی نے کہاکہ ہماری کمیونٹی کو صحیح طور پر قانون کی آگاہی نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ دھمکیوں سے مرعوب ہو جاتے ہیں حالانکہ قانون کی نظر میں تمام شہریوں کو بنیادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس وقت ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں مختلف مقدمات سے متعلق تفتیشی ٹیم کا حصہ ہیں اور ہمارے محکمے کی یہ ذمہ داری ہے کہ تحقیقات کی روشنی میں ملزمان کو عدالتوں کے کٹہرے میں لا کر متاثرین کو انصاف دلایا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ قانون کی ڈگری کا حصول ان کا اُس وقت سے خواب ہے جب وہ بالکل چھوٹے تھے انہوں نے بتایا کہ میری والدہ سلمیٰ ہاشمی خود بھی ایک قانون دان ہیں جبکہ وہ فلوریڈا میں میئر بھی رہ چکی ہیں اور جس دوران وہ الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں تو انہوں نے ان کے ساتھ کام کی شروعات کی اس طرح بعد میں ڈیلس نقل مکانی کے بعد فریلسکو کے میئر کے لئے اور اس کے بعد دو اراکین کانگریس کے لئے کام کیاجبکہ ریاست ٹیکساس کی سابق سینیٹر کے بیلی ہیچسٹن کے لئے بھی کام کیا جبکہ گورنر فلوریڈا اور گورنر ٹیکساس کی انتخابی مہم میں بھی حصہ لیا اس طرح سینیٹر جان کارنی کے لئے بھی کام کیا ان سب شخصیات کے ساتھ کام کر کے اس بات کا حقیقی اندازہ ہوا کہ حکومت کس طرح کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس وقت یونیورسٹی آف میامی میں زیرتعلیم ہیں جبکہ تعلیم مکمل ہو جانے کے بعد وہ یقیناًواپس ڈیلس آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ میں رہنے والے ہر شخص کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ہر کسی کو رسائی کا بھی حق حاصل ہے اس طرح جب میں چھوٹا تھا تو یہ بات سوچتا تھا کہ ہم ایک عظیم قوم کے درمیان رہتے ہیں اور میرا جذبہ اور جنون یہی ہے کہ کمیونٹی کی خدمت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں اور مستقبل میں کسی اہم عہدے کے لئے انتخاب میں حصہ لوں مگر یہ کہنابھی قبل از وقت ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون پڑھنے ولے ہی دراصل قانون کے رکھوالے ہوتے ہیں کیونکہ ہمیں قانونی باریکیوں کا علم ہوتا ہے اس لئے قانون دان صحیح طور پرتبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں اس لئے میرا مشن یہی ہے کہ کچھ نہ کچھ کروں اور تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کمیونٹی کے افراد کو چاہئے کہ وہ مقامی سیاست میں حصہ لیں امریکی نظام میں دو بڑی پارٹیاں موجود ہیں ہمارے لوگوں کو چاہئے کہ وہ دونوں پارٹیوں میں نمائندگی کریں اس طرح اگر ہم عملی طور پر سیاسی پارٹیوں کا حصہ بنتے ہیں تو کسی کی ہار ہو یا جیت‘ دونوں صورتوں میں فتح ہماری کمیونٹی کی ہی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ غیر نصابی سرگرمیوں کے علاوہ وہ اچھا گانا گاتے ہیں جس میں پیانو پر ان کے بھائی فراز ہاشمی اور گٹار پر سلیمان ہاشمی ان کے ساتھ ہوتے ہیں جبکہ یہ صرف ان کا اور ان کے بھائیوں کا ذاتی شوق ہے۔ واضح رہے کہ سلمان ہاشمی ٹیکساس جنرل اسپتال کے سی ای او ہیں جبکہ فراز ہاشمی بھی اسپتال کے گروپ میں سینئر عہدے پر کام کرتے ہیں۔

مزید خبریں :