06 مئی ، 2012
پیرس … فرانس میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے،صدارتی عہدے پر موجودہ نکولس سرکوزی اور سوشلسٹ امیدوار فرانسو اولاند کے مابین مقابلہ ہے جبکہ بیرون ملک ووٹنگ میں سرکوزی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فرانس میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، فرانس کے بیشتر علاقوں اور کورسیکا میں مقامی وقت کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو کہ شام 6 بجے تک جاری رہے گی جبکہ بڑے شہروں میں پولنگ کا وقت رات 8 بجے تک رکھا گیا ہے۔ دونوں امیدواروں نے جمعے تک اپنی صدارتی مہم جاری رکھی، موجودہ انتخابات کیلئے پسندیدہ ترین امیدوار سمجھے جانے والے فرانسو اولاند کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کی شرح نتائج پر یقینی طور پر اثر انداز ہوگی دیگر ملکوں ملکوں میں آباد فرانسیسی باشندوں اور فرانسیسی نو آبادیات نے اپنا حق رائے دہی کل استعمال کرلیا تھا جس کے نتائج بھی سامنے آگئے ہیں، اس کے مطابق نکولس سرکوزی شکست سے دوچار ہوچکے ہیں تاہم آج ہونے والی پولنگ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کامیابی امیدوار کا فیصلہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی فرانس میں آباد پاکستانیوں نے موجودہ انتخابات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب ان کے مستقبل کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔