12 اپریل ، 2015
بارسلونا.........شفقت علی رضا........ پاکستان مسلم لیگ ن سپین کی ایگزیکٹو باڈی کا ایک اہم اجلاس میاں محمد اظہر کی صدارت میں ہوا جس میں مسلم لیگ سپین کے عہدیداران نے شرکت کرکے نئے صدر کا چنائو کیا ۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سر پرست اعلیٰ مسلم لیگ ن سپین محمد افضال چوہدری ، انفارمیشن سیکرٹری ملک شاہد حسین ، جنرل سیکرٹری ایاز عباسی ، نائب صدر الیگزینڈر راجو ،جوائنٹ سیکرٹری میاں عمران ساجد ،مسلم لیگ مجلس عاملہ کے چیئر مین مہر قمر علی چوہدری اور سابق صدر میاں محمد اظہر نے متفقہ طور پر محمد خلیم بٹ کو آئندہ کے لئے صدر منتخب کیا ۔اس موقع پر میاں محمد اظہر نے اپنی صدارت کا عرصہ مکمل ہونے اور جمہوری طریقے سے نئے صدر کو منتخب کئے جانے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ روایات کی پاسداری کرنے والی سیاسی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپین میں کوئی بھی تا حیات صدر نہیں ۔نو منتخب صدر محمد خلیم بٹ نے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام عہدیداران اور مسلم لیگی ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا اور اپنی جماعت کو سپین بھر میں فعال اور مستحکم بنانے میں اپنی کوششیں جاری رکھوں گا ۔