13 اپریل ، 2015
کراچی.......عزیزآباد سے دو روز قبل گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلوب ملزم معظم علی خان کے نام سے ہوگئی ہے۔ رینجرز ذرایع کے مطابق اینٹلی جنس اطلاعات پر عزیزآباد میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان افراد کی شناخت معظم علی خان اور اس کے بھائی محسن علی خان کے نام سے ہوئی ۔ذرائع کے مطابق معظم علی خان متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلوب ہے، اس نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کےملزمان محسن علی سید اور کاشف کو لندن جانے کے لیے ویزے لگوا کر دیے تھے اور وہ ملزمان سے رابطہ میں تھا۔ معظم علی خان کا نام پاکستانی حکومت کو اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے ہی دیا گیا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے معظم علی خان کی گرفتاری کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معظم علی خان کی فیملی 4سال قبل کورنگی سے عزیزآباد منتقل ہوئی تھی اور معظم علی خان اور اس کے بھائی کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے کورنگی سیکٹر سے ہے تاہم متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میں گرفتار افراد کے ایم کیو ایم سے کسی بھی تعلق سے انکار کردیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ ان افراد کی ایم کیو ایم کے کسی کارکن سے ذاتی دعا سلام تو ہوسکتی ہے لیکن ان کا ایم کیو ایم سےدو ر دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔