پاکستان
13 اپریل ، 2015

الطاف حسین نے استحصال زدہ عوام کو شعور اور پہچان دی ہے، جنید فہمی

کاگو....... متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے عوام باشعور ہیں وہ اپنے دشمنوں اور مخالفین کو اچھی طرح پہچانتے ہی نہیں بلکہ انکے شرمناک ماضی، انکی کراچی اور مہاجر دشمنی سے بھی مکمل واقفیت رکھتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی تھی، کن کی زبانیں سفاک طالبانی قاتلوں کی مذمت کرتے آج بھی بل کھاتی ہیں، کون ہیں وہ لوگ جنھوں نے نام نہاد جہاد کے نام پر ملک بھر میں اسلحہ اور سیاست میں اس کا کلچر متعارف کروایا۔اہل کراچی ان لوگوں سے بھی واقف ہیںجن کا ماضی و حال کراچی و مہاجر دشمنی سے عبارت ہے۔ جنہوں نے لفظ مہاجر کو گالی سے تشبیہ دی اور آج خود کو مہاجر کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ کراچی میں کون ہے جو انکے شرمناک ماضی سے واقف نہیں، امپائر کی انگلی کے منتظر ہر سیاسی و مذہبی ڈھونگی کو یہ قوم پہچانتی ہے ۔ اب وہ دور نہیں رہا جب جس کا دل چاہتا تھا مہاجر آبادیوں پر لشکر کشی کر تا تھا۔ الطاف حسین پر تنقید کرنے والوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ یہ وہ قوم ہے جسے الطاف حسین نے ایک مکمل پہچان دی ہے اور انھیں معاشرے میں سر اٹھا کر جینا سکھایا ہے ۔ یہ قوم اب غلام نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اہل کراچی الطاف حسین کو اپنا سیاسی قائد ہی نہیںبلکہ اپنا نجات دہندہ بھی مانتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ نائن زیرو پر غیر قانونی چھاپہ، میڈیا میں موجود بے ضمیر کردار، ایم کیو ایم ، مہاجر کارکنان اور مہاجر عوام کی کردار کشی اور بغیر تحقیقات و عدالتی احکام کے میڈیا پر انہیں مسلسل مجرم پیش کرنا اور انکی تشہیر ایک ہی سازش کا تسلسل ہے ۔ ان سازشوں سے مہاجر عوام کو ایم کیو ایم اور انکے محبوب قائد سے نہ پہلے دور کیا جاسکاتھا نہ اب کیا جا سکے گا ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کہ وہ تیئس اپریل کو حق پرست امیدو ار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔

مزید خبریں :