07 مئی ، 2012
ڈیرہ غازی خان … ڈیرہ غازی خان میں پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 243 اور پی پی 245 کے ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر آج ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے،ڈی جی خان کے حلقہ پی پی 243 کی نشست مسلم لیگ ن کے سردار ذوالفقار کھوسہ کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 325 ہے۔ حلقے میں102 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 35حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ اس نشست پر مسلم لیگ ن کے حسام خان کھوسہ کے مدمقابل چھ آزاد امیدوار ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 245 مسلم لیگ ق کے محسن لغاری کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ جس پر مسلم لیگ ق کے محمد خان لغاری اور مسلم لیگ ن کے میر مرزا تالپور اور آزاد امیدوار ذیشان لغاری کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ حلقے کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 30ہزار 758 ہے۔ حلقے میں قائم 122 پولنگ اسٹیشنز میں سے 9 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ آج شام پانچ بجے تک جاری رہے گی جس کے لئے الیکشن کمیش کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔