15 اپریل ، 2015
راول پنڈی.........پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بیرونی ریاستوں اور بین الاقوامی ایجنسیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے باز رہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کو شکست فاش دیں گے اور انھیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف نے آج کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کیا ۔ انہوں نے گورنر بلوچستان ، وزیراعلیٰ اور سدرن کمانڈ کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں اور ایف سی کے ہیڈکوارٹر بھی گئے ۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی صورت حال اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے تربت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ مزدوروں کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے بلوچستان حکومت کی مدد کی جائے گی ۔ انھوں نے بیرونی ریاستوں اور بین الاقوامی ایجنسیوں کو خبر دار کیا کہ وہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے باز رہیں، دہشت گردوں کو شکست فاش دی جائے گی، دہشت گردوں ، ان کے مددگاروں ، ہمدردوں اور سرمایا فراہم کرنے والوں کو بےنقاب کریں گے، انھیں ملک میں چھپنے کے لیے کہیں جگہ نہیں ملے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی بالادستی قائم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ انہوں نے سیکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سول اور فوجی قیادت کی جانب سے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ جنرل راحیل شریف نے امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف سی کی کارکردگی کو سراہا اور امن و خوش حالی کے لیے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کااظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ترقیاتی منصوبے جاری رکھے گی۔