15 اپریل ، 2015
کراچی......جماعت اہلسنت کراچی ور تحریک عوام اہلسنت نے ضمنی انتخاب برائے این اے 246کی نشست پر نامزد ایم کیوایم کے امیدوار کنو رنوید جمیل ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 23اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں حق پرست امیدوار کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں ۔ یہ اعلان جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم اعلیٰ محمد حسین لاکھانی اور تحریک عوام اہلسنت کے چیئرمین عاطف حنیف بلو نے لیاقت آباد نمبر 9میں واقع جماعت اہلسنت (بریلوی مکتب ) کی جامع مسجد اقوتِ اسلام میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔اس سے قبل کنو رنوید جب علمائے کرام سے ملاقات کیلئے جامع مسجد اقوتِ اسلام پہنچے تو علماء کرائے کرام کے 25رکنی وفد نے ان کا استقبال کیا ۔ملاقات میں محمد حسین لاکھانی اور عاطف حنیف بلو نے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں حق پرست قیادت کا ہی کردار ہے اور الطاف حسین نے شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے ہمیشہ سے جو عملی کردار ادا کیا ہے اس سے تمام مکاتب فکر کے عوام ان کی دل سے قدر کرتے ہیں ۔اس موقع پر ایم کیوایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے ۔