07 مئی ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… وہاڑی میں ایک ہفتہ قبل کی شادی کرکے کراچی میں گذشتہ رات ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرنے والے جوڑ ے کی لاشیں لواحقین نے وصول کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق گذشتہ شب کراچی میں بلوچ کالونی پل کے قریب ایک جوڑے نے ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی۔ جناح اسپتال میں لاشوں کی شناخت پنجاب کے علاقے وہاڑی کے رہائشی ساجد شریف اور 23سالہ سونیا کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ساجد اور سونیا آپس میں کزن تھے اور ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے مگر خاندانی تنازع کے باعث گھر والوں نے ان کی شادی کوانا کا مسئلہ بنا لیا۔ جس پر انہوں نے یکم مئی کو اوکاڑہ کی عدالت میں جاکر شادی کرلی۔ پتہ چل جانے پر لڑکی کے اہل خانہ ساجد کی جان کا دشمن بن گئے۔ اہل خانہ کی ناراضی پر وہ جان بچا کر کراچی میں اپنے ماموں سلیم کے پاس آگئے۔ گھریلو جھگڑا بڑھ جانے پر انہوں نے موت کو گلے لگا لیا۔ پولیس کے مطابق لاشیں دونوں کے ماموں نے حاصل کرلی ہیں۔