16 اپریل ، 2015
فیصل آباد .......فیصل آباد میں لوگوں کو ڈرا دھمکا کر اُن سےہزاروں روپے ہتھیانے والا جنگ اور جیو کا جعلی نمائندہ گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم سے شہریوں سے ہتھیائی گئی رقم کے ساتھ ساتھ بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ بھاری اسلحہ جعلساز طاہر کا ہے جس نے گاڑی میں اسلحہ اس طرح جمع کر رکھا ہے، جیسے اسے کسی جنگ پر جانا ہے جعلساز طاہر جنگ اور جیو کا جعلی نمائندہ بنا ہوا تھا اور اُس نے اپنی گاڑی پر جیو کا لوگو بھی بنا رکھا تھا۔ گاڑی میں نکلنا اور فیکٹریوں،کارخانوں میں چھاپے مارنااور لوگوں کو ڈرانا دھمکانا اس کا طریقہ واردات تھا۔ تاہم آج پولیس نے اس جعلساز کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اس سے جنگ اور جیو نیوز کے جعلی کارڈ بھی برآمد کر لئے۔ ملزم سے تلاشی کے دوران ملنے والا بھاری اسلحہ دیکھ کر تو پولیس بھی حیران رہ گئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔