07 مئی ، 2012
اسلام آباد… دفترخارجہ اور وزارت دفاع نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی کیلئے جاری رابطوں پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دی ہے، وزیرخارجہ حناربانی کھر نے کہاہے کہ نئے پاک امریکا رابطوں کو ابھی ناکام کہنا درست نہیں ہے ۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کا اجلاس ، اسلام آباد میں سینیٹر رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا، اس میں وزیرخارجہ اور قائمقام سیکریٹری دفاع نے بھی شرکت کی ، کمیٹی کو پاک امریکا روابط کی بحالی کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی، بعد میں میڈیا کو بریفنگ میں حناربانی کھر نے کہاکہ ایمن الظواہری کے پاکستان میں ہونے کے بارے میں ہمارے پاس معلومات نہیں ہیں اور اگر کسی کے پاس ایسی معلومات ہیں تو وہ شیئر کرے ، انہوں نے کہاکہ ہارلیمانی سفارشات کی روشنی میں امریکا سے بات چیت جاری ہے، اسکا ابھی آغاز ہوا ہے اور اسے ناکام کہنا درست نہیں، انہوں نے کہاکہ امریکی حکام کو بتادیاہے کہ ڈرون ، ہماری خودمختاری کیخلاف ہیں اور ان کے منفی نتائج سامنے آرہے ہیں،القاعدہ، پاکستان اور امریکا کی مشترکا دشمن ہے، پاک امریکا تعلقات پر پارٹنرشپ اپروچ ہونی چاہیئے ، میڈیا سے گفت گو میں چیئرمین کمیٹی رضا ربانی نے کہاکہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،امریکا کو ہماری پارلے مانی سفارشات کا احترام کرنا چاہیئے، لیون پینیٹا نے ڈرون حملوں پر جو بیان دیا وہ حالات کو مزید خراب کرے گا ، ڈورن حملے ناقابل برداشت اور عالمی قوانین کیخلاف ہیں، حکومت اسکے خلاف تمام سفارتی ذرائع استعمال کررہی ہے