19 اپریل ، 2015
کراچی.........این اے 246 کا معرکہ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا، آج تحریک انصاف نے میدان سجایا ، عائشہ منزل پر انتخابی جلسہ کی تیاریاں مکمل، خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد جلسے میںموجود، شرکا پر جوش اور عمران خان کے خطاب کے منتظر۔ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، کارکنوں کا جوش و خروش اپنی جگہ، مگر جلسے میں شریک خواتین کی سج دھج بھی دیکھنے والی ہے، اوپر سے ڈی جے بٹ کا میوزک، جس نے جلسے کی رونق کو چار چاند لگادیئے ہیں۔ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو چھیالیس کا ضمنی انتخاب 23 اپریل کو ہونا ہے مگر انتخابی میلہ ہر روز سجتا ہے، اس سے پہلے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے رنگ جمایا تو آج باری ہے تحریک انصاف کی۔ آج شاہراہ پاکستان پر پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے چیئرمیں پاکستان تحریک انصاف اور اس حلقے کے نامزد امیدوار عمران اسماعیل خطاب کریں گے۔ اسکے علاوہ مرکزی قیادت کے لیے کنٹینر لگا کر اسٹیج بھی بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں لوگوں کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جلسہ گاہ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ حصے مختص ہیں جبکہ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔