20 اپریل ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کی تائید اورعوام کی حمایت سے 23اپریل حق پرستوں کی تاریخی فتح کا دن ہوگا ۔اس روز باطل پرستوں کے تمام جھوٹے چراغ بجھ جائیں گے اورالطاف حسین کاجلایاہواحق پرستی کا چراغ جلتا رہے گا ۔ انہوں نے یہ بات جناح گرائونڈ عزیز آباد میں میوزیکل پروگرام کے ہزاروں شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہی جن میں بزرگ ،خواتین ،نوجوان طلبا وطالبات اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی،انھوں نے اس موقع پر طلبہ وطلبات پر زور دیا کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین کے نقش قدم پر چل کر اپنا اور اپنے خاندان کا نام روشن کریں ، آج کل امتحان میں نقل کا دور چل رہا ہے لیکن آپ کونہ چیٹنگ کرنی ہے نہ چیٹر بننا ہے ۔ اگر میں کراچی میں موجود ہوتا تو ایک کالج سے دوسرے کالج جاتا اور طلبہ کوان ذہنوں سے شارٹ کٹ سے کامیابی حاصل کرنے کاخیال نکالتا ،ان کے ذہنوں کو صاف کرتا اورکہتا کہ خوب محنت کر و خواہ جھاڑو لگائو، محنت کی کمائی بھیک سے بہتر ہے لہٰذا محنت سے کسی کام کرنے میںشرم محسوس نہ کرو۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہاکہ میں بسوں، منی بسوں میںسفر کرتا تھا اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بسوں میں لٹک کر سفر کرتا تھا اورشام کو ٹیوشن پڑھاتا تھا ، ٹیوشن پڑھا کر پہلے سائیکل خریدی پھر 10سال پرانی ہنڈا ففٹی موٹر سائیکل خرید ی اور محنت کی وجہ سے ہی آج تحریک کو یہاں تک پہنچادیا ۔آج اللہ کے کرم سے پوری دنیامیںایم کیوایم کے چاہنے والے موجود ہیں ۔انہوں نے اجتماع میں موجود لڑکیوںکیلئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ وامان میں رکھے،آپ کو خوش رکھے ،آپ کامستقبل اچھا کرے جن کی شادیاں نہیں ہوئی ہیں ان کوا للہ نیک اور اچھے رشتے عطا کر ے ۔دریں اثنا الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی لندن و پاکستان اور دیگر شعبہ جات کے ذمہ داران واراکین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں لیاقت آباد اور فیڈر ل بی ایریا کے کامیاب جلسہ کی زبردست مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے جناح گرائونڈ عزیز آباد میں روزانہ شام کو مائوں ،بہنوں ،بزرگوں ، بچوں اور بچیوںکی دلجوئی کیلئے او رانہیں خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے غرض سےہونے والے ایونٹس کے منتظمین اور اس میں روزانہ شرکاء مائیں ،بہنیں ، بزرگوں ،بچوں ، بچیوں فنکاروں اور فنکارائوں آرکسیٹر ا بجائے والوں سمیت سب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ الطاف حسین نے گفتگو کے دوران عوام سے اپیل کی کہ جن کے گھروں میں ایکسٹرا وہیل چیئر ز ہیں وہ بھی نائن زیرو بھجوا کر وہاںرجسٹرڈ کروادیں تاکہ معذور افراد کو ان وہیل چیئر ز کے ذریعے پولینگ اسٹشنوںتک پہنچایا جاسکے۔الطاف حسین نے کہا کہ یہ کار خیر اور خدمت خلق ہے جو اس کار خیر اور خدمت خلق میں حصہ لے گا اللہ تعالیٰ اس کو اجر عظیم عطا فرمائیں گے ۔آخر میں مخیر حضرات سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ از خود نائن زیر و لگے استقبالیہ کیمپ پر نقد عطایات بھی جمع کر اسکتے ہیں لیکن عطیہ کی رسید لینا ہر گز نہ بھولیں اور نہ ہی بغیر رسید کے کسی کو عطیہ دیں ۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے رکن رابطہ کمیٹی اسلم خان آفریدی کے والد حاجی دلاور شاہ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کروائی ،اور مرحوم کے بلند درجات اور مغفر ت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کیلئے دعا فرمائی ۔