21 اپریل ، 2015
اسلام آباد....... چین کے صدر شی چن پنگ کی ایوان صدر آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔چین کے صدر شی چن پنگ نے صدر ممنون حسین سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی جبکہ چینی صدر کو ان کی اعلی خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازا گیا۔چینی صدر شی چن پنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کےبعد وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے ۔چینی صدر کو بگھی میں ایوان صدر لایا گیا، صدر مملکت ممنون حسین نے چینی ہم منصب کا پر تپاک استقبال کیا ، ایوان صدر میں آمد کے بعد صدر ممنون حسین اور چینی ہم منصب کے درمیان ون آ ن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر ممنون حسین کاکہناتھاکہ چینی باشندوں کی سیکورٹی پاکستان کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، ان کی سیکورٹی پاک فوج کےا سپیشل سیکورٹی ڈویژن کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا، صدرممنون نےچینی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہمیشہ مخلصانہ طور پر تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔اس موقع پر چینی صدر شی چن پنگ کو نشان پاکستان عطاء کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔تقریب میں وزیرا عظم نوازشریف، وفاقی وزراء ،مسلح افواج کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔صدر ممنون حسین نے چینی صدر شی چن پنگ کو پاکستان کا سب سے بڑاسول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا۔ صدر ممنون حسین نے چینی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔