کھیل
22 اپریل ، 2015

تیسرا ون ڈے:پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

تیسرا ون ڈے:پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

میرپور،ڈھاکا......بنگلا دیش کے خلاف تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔میرپور ڈھاکا میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ راحت علی، سرفراز احمد اور سعید اجمل کی جگہ عمر گل، ذوالفقار بابر اورنوجوان کھلاڑی سمیع اسلم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سمیع اسلم آج ون ڈے کیئریر کا آغاز کررہے ہیں،وہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے پاکستان کے 202 ویں پلیئر بن گئے۔منیجرکرکٹ ٹیم نوید اکرم چیمہ نےسمیع اسلم کومختصر تقریب میں ون ڈے کیپ دی۔ میزبان بنگلہ دیش کے ہاتھوں مسلسل دو ون ڈے انٹر نیشنل اور تاریخ میں پہلی بار ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی بار بنگال ٹائیگرز کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کے خطرے سے دوچار ہے۔ نئے کپتان اظہر علی اور نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو مشکل امتحان کا سامنا ہے۔ وقار یونس کے کوچ بننے کے بعد پاکستان ٹیم مسلسل پانچ ون ڈے سیریز ہار چکا ہے۔ بنگلہ دیش نئی تاریخ رقم کرنا چاہتا ہے۔ اگر وہ تیسرا میچ بھی جیت گئے تو دسویں بار ون ڈے سیریز وائٹ واش کے ذریعے جیتیں گے۔ مشرفی مرتضیٰ کے بعد شکیب الحسن اپنا ڈیڑھ سو واں میچ جیت سکتے ہیں۔ پاکستان کے اسپین بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم نئی ہے اس لئے ایک اچھی اننگز یا اچھا اسپیل ہمیں جیت دلواسکتا ہے۔ میزبان ٹیم کو ہرانے کے لئے ہمیں جاندار کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ بنگلہ دیش کے بیٹسمینوں نے ابتدائی دونوں میچوں میں پاکستانی بولنگ کو آئوٹ کلاس کیا۔ دونوں میچوں میں سنچریاں بنانے والے تمیم اقبال اور ان کے ساتھ مشفق الرحیم کی بیٹنگ نے پاکستان کی مضبوط بولنگ لائن کو بے اثر کردیا تھا۔ پاکستانی بیٹسمینوں دونوں میچوں میں اپنی اہلیت کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تاہم گرین شرٹس کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ آخری میچ اپنے نام کرتے ہوئے سیریز کا اختتام دو ایک سے کرے۔

مزید خبریں :