پاکستان
23 اپریل ، 2015

ضمنی انتخاب:پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

ضمنی انتخاب:پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

کراچی......کراچی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے بعد پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کا داخلہ بند کردیا گیا اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ جن پولنگ اسٹیشنوں کی حدود میں ووٹرز موجود ہیں انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئ ہے۔ ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کے کنور نوید، تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم کے درمیان مقابلہ ہے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے زائد ہے، پولنگ کے لئے213 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ کا عمل صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن رہا۔ متحدہ قومی موومنٹ نے انتخابی عمل کو سست روی کا شکار قرار دیتے ہوئے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا جبکہ تحریک انصاف اورجماعت اسلامی نے اس کی مخالفت کی۔ رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران دہلی اسکول کے پریذائیڈنگ افسر سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں افراد جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کررہے تھے۔ ترجمان کا کہناہے کہ ملزم ریحان احمد کو 6ماہ قید اور 5ہزار روپے جرمانہ جبکہ ملزم ماجد علی کو 3ماہ جیل اور 5ہزار روپےجرمانہ عائد کیا گیا۔ کے ڈی اے اسکول فیڈرل بی ایریا سے رینجرز نے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے جن پر مخالف امیدوار کے حامیوں سے لڑنے کا الزام ہے۔ ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل سخت سیکورٹی میں جاری ہے۔ پولنگ اسٹیشنوںپر عوام ووٹ کاسٹ کرنے میں مصروف نظرآئے۔ پولنگ کے عمل میں ایک طرف لوگ انتظامات سے مطمئن دکھائی دیئے تو کہیں کہیں ایک ہی کمرے میں ایک سے زیادہ پولنگ بوتھ بنائے جانے پر ناراض بھی ہوئے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے لیکن حلقے میں ڈبل سواری پر عائد پابندی پر متحدہ کے امیدوار نے تحفظات کا اظہار کیا۔ کنور نویدکا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل شہر کی عام سواری ہے اور لوگ ووٹ کاسٹ کرنے میں اسے استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جو بھی امیدوار جیتے گا، وہ اس کے گھر جاکر مبارکباد دیں گے لیکن انہیں امید ہے کہ وہی جیتیں گے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے بھی سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا، سیکیورٹی اور پولنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبرنے ڈی سی آفس کا دورہ کیا، ریٹرننگ افسران سے ملاقات کی۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کاکہنا تھا کہ انہوں نے اب تک جتنے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا وہاں پر انہیں کوئی شکایت نہیں ملی۔ متحدہ قومی موومنٹ نے انتخابی عمل کو سست روی کا شکار قرار دیتے ہوئے پولنگ کا وقت تین گھنٹے بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ عمران خان نے اسے متحدہ کی بہانے بازی قرار دیا ہے، ادھر جماعت اسلامی نے بھی انتخابی عمل سے متعلق اپنی تحریری شکایات الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہیں۔

مزید خبریں :