26 اپریل ، 2015
سبی.......بلوچستان کے ضلع سبی میں سائیکل بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد چار ہوگئی ہے، جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔وزیراعلی بلوچستان نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکہ چاکر خان روڈ پر سبزی منڈی کے قریب ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے زخمیوں کو سول اسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں بعد میں پانچ شدید زخمیوں کو کمبائن ملٹری اسپتال سبی منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد ایف سی اور پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی ہےاور اس واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سبی انور کھیتران کے مطابق دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا، کوئی مخصوص ہدف نہیں تھا، ادھر وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سبی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کےضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہو لتیں فراہم کی جائیں اور دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔