پاکستان
27 اپریل ، 2015

امتِ مسلمہ متحد نہیں، اس لیےمسائل کا سامنا ہے، شیخ خالد الغامدی

امتِ مسلمہ متحد نہیں، اس لیےمسائل کا سامنا ہے، شیخ خالد الغامدی

اسلام آباد........امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی نے آج صدر ممنون حسین سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کی۔ امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی نے ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی۔ صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کے عوام اور حکمران سعودی عرب کے ساتھ خصوصی لگا ؤ رکھتے ہیں۔ امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر سعودی عرب پر برا وقت آیاتو پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا، دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جن کی بنیادیں مضبوط ہیں، ان تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں آ سکتی۔ امام کعبہ نے اسپیکر چیمبر میں سردار ایاز صادق سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور امت مسلمہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امام کعبہ نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھ کر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، پاکستان امام کعبہ کا دوسرا گھر ہے۔ حافظ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی کوئی بھی جرات نہیں کرے گا، عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ امام کعبہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نماز مغرب کی امامت کے بعد کہا کہ اسلام آباد وحدانیت کا سبق دیتا ہے، پوری دنیا کے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا چاہئے، اتحاد نہ ہونے کے باعث امت مسلمہ کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :