دنیا
28 اپریل ، 2015

قیامت خیز زلزلہ:نیپال میں تین روزہ سوگ کا اعلان

قیامت خیز زلزلہ:نیپال میں تین روزہ سوگ کا اعلان

کٹھمنڈو.......نیپال کے قیامت خیز زلزلے میں ہلاکتیں 10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، اب تک 5 ہزار سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔سانحہ پر نیپال میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔قدرتی آفت کا شکار نیپال میں قیامت خیز گھڑیاں تو گزر گئیں لیکن اپنے پیچھے غم و الم اور بربادی کی لاتعداد داستانیں چھوڑ گئیں۔جگہ جگہ بکھرے تباہی کے مناظر اس قیامت کا منہ بولتا ثبوت ہیں جو ہفتے کی صبح نیپال کے لوگوں پر گزری اور جس کی لرزش بھارت چین، پاکستان اور بنگلہ دیش تک بھی پہنچی، جس کے نتیجے میں ان ممالک میں بھی سو سے زائد جانیں زلزلے کی نذر ہوگئیں۔اپنے معمولات زندگی میں مشغول لوگوں نے جو خوف و دہشت ان لمحات میں محسوس کی، چار دن گزرنے کے بعد بھی اس کے صدمے سے باہر نہیں آسکے اور اب بھی زلزلے کے خوف سے اپنی راتیں کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں۔ابتدائی اعداو شمار ظاہر کررہے ہیں کہ 80 لاکھ افراد زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 15 لاکھ افراد پانی اورغذائی قلت کا شکار ہیں، وزیراعظم سوشیل کوئرالہ نے عالمی برادری سے مشکل کی اس گھڑی میں نیپالی عوام کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔ماؤنٹ ایورسٹ پر برف میں پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں پیماؤں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ آج کھٹمنڈو کے نزدیک رسووا میں ایک اور برفانی تودہ گرنے سے 250 افراد لاپتہ ہونے کاخدشہ ہے۔پاکستان، امریکا، چین، فرانس، اسپین، جرمنی اور بھارت سمیت دیگر ممالک کی امدادی ٹیمیں آفت زدہ نیپالی عوام کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کرنے مصروف ہیں تاہم دشوار گزار راستوں اور خراب موسم کے باعث دور دراز کے علاقوں میں اب بھی ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔

مزید خبریں :