08 مئی ، 2012
پشاور … پشاور ہائی کور ٹ نے لاپتہ افراد کے مقدمات میں آئی جی پولیس اور شمالی وزیر ستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا۔ لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مفتاح الدین پر مشتمل بینچ نے کی۔ لاپتہ معظم بشیر کے بارے میں عدالت کو بتایا گیا کہ معظم کپڑے کا تاجر ہے جو گزشتہ سا ل مئی میں لاہور سے پشاور آیا تھا تب سے لاپتہ ہے۔ درخواست گزار نے الزام لگایا کہ معظم شمالی وزیر ستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کی حراست میں ہے، جس پر عدالت نے پولیٹیکل ایجنٹ اور اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کو نوٹس جاری کیا۔ بڈھ بیر سے لاپتہ طاہر حسین کے بارے میں عدالت میں بتایا گیا کہ طاہر گزشتہ سال جون سے لاپتہ ہے جس پر عدالت نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ایس ایچ او بڈھ بیر کو نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی۔