کاروبار
08 مئی ، 2012

امن کی آشا: پاک بھارت اقتصادی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی

امن کی آشا: پاک بھارت اقتصادی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی

لاہور … امن کی آشا کے تحت پاک بھارت اقتصادی کانفرنس کے چھٹے اور آخری سیشن میں فنانشل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر اظہار خیال کیا گیا۔ چیئرمین ایس ای سی پی محمد علی کا کہنا تھا کہ جلد باہمی سرمایہ کاری کا نیا فریم ورک تیار کر لیا جائے گا۔ لاہور میں پاک بھارت اقتصادی کانفرنس کے آخری سیشن میں مختلف سیکٹرز خصوصاً فنانشل مارکیٹ میں سرمایہ کاری پر تفصیلی اور نتیجہ خیز گفتگو کی گئی۔ ماروتی کار کمپنی کے سربراہ جگدیش کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر پر توجہ دینی چاہئے جبکہ ایم ڈی ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج انڈیا جوزف میسی نے جوائنٹ وینچر پر زور دیا۔ بجاج گروپ کے چیئرمین راہول بجاج کا کہنا تھا کہ دونوں حکومتیں درست سمت میں جا رہی ہیں تاہم تجارت کے حوالے سے ہمیں 1965ء والی پوزیشن میں واپس جانا ہوگا۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیر کمال نے بتایا کہ اگلے ماہ ممبئی اور کراچی اسٹاک ایکس چینجز باہمی سرمایہ کاری کیلئے ایم او یو پر دستخط کرنے جا رہی ہیں۔ چیئرمین سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان محمد علی کا کہنا تھا کہ فنانشنل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے جس کے تحت سرمایہ کاری کرنے والے کی رقم کو حکومتی ضمانت حاصل ہو گی۔ لاہور میں امن کی آشا کی ایک اور کاوش نتیجہ خیز ثابت ہوگئی۔ اقتصادی کانفرنس کے شرکاء کا کہنا ہے کہ اس قسم کی مثبت کانفرنسز کی سفارشات پر جلد سے جلد عمل کا اعلان ہونا چاہئے تاکہ تجارت بڑھنے سے دونوں جانب کے عام آدمی کو فائدہ پہنچے۔

مزید خبریں :