08 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں نقل کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر طلبہ نے استاد کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار منہ دیکھتے رہ گئے۔ کالج انتظامیہ نے ناقص سیکیورٹی پر امتحانات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ بورڈکراچی کے تحت سیکنڈ ایئر پری انجینئرنگ کے پرچے کے دوران گورنمنٹ کالج فارمین ناظم آباد میں ایک لیکچرار نے کچھ طلبہ کو نقل کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جس پر طلبہ نے کاپیاں پھاڑ دیں اور پرچہ ختم ہونے کے بعد ٹولیوں کی شکل میں کالج میں گھس کر استاد پر تشدد کیا۔ جس سے استاد کی ناک سے خون بہنے لگا، مار پیٹ کے دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکار تماشائی بنے رہے جبکہ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ گورنمنٹ کالج فارمین کے اندر ہی رینجرز کا ہیڈ کوارٹر بھی ہے جہاں ہر وقت بڑی تعداد میں نفری موجود ہوتی ہے۔ کالج کے سپرنٹنڈنٹ نے سیکیورٹی اہلکاروں کے رویئے کی مذمت کی اور کہا کہ رینجرز کی منت سماجت کی جاتی رہی لیکن وہ نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے اگر مطمئن نہ ہوئے تو امتحانات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔