09 مئی ، 2012
لاہور… لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے آئی جی پولیس پنجاب حاجی حبیب الرحمان کووارننگ دی ہے کہ اگر آئندہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا تو وضاحت کیلئے طلب نہیں کروں گا بلکہ سیدھا شوکاز نوٹس دوں گا۔ لاہورہائیکورٹ نے پولیس انسپکٹر کی ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کے حوالے سے ایک سال قبل جاری حکم پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر توہین عدالت کیس میں آئی جی پولیس کو طلب کیا تھا،،چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ پولیس سمیت ہر سرکاری محکمہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتا،ہائیکورٹ کا حکم کوئی مذاق نہیں ہوتا،آئی جی پولیس نے عدالت سے معذرت کی اور کہا کہ وہ عدالتی حکم کی عدم تعمیل کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شام تک عدالتی حکم پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی،جس پر کیس نمٹا دیا گیا۔