09 مئی ، 2012
لاہور… پیپلزپارٹی پنجاب اورمسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے اور بہاولپور صوبے کی بحالی کی حمایت کا فیصلہ کیا گیاہے،جس کے بعد ایوان میں تینوں بڑی جماعتوں کی طرف سے اس حوالے سے مشترکہ قراردادیں پیش کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے پہلے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق پنجاب کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا،جس میں وزیراعظم پراعتماداوریکجہتی کی متفقہ قرار داد منظور کرتے ہوئے انہیں’محافظِ آئین‘ کا خطاب دیاگیا،اجلاس کے بعد راجا ریاض احمد نے میڈیا کوبتایاکہ ان کا مطالبہ ہے کہ جنوبی پنجاب کوجلد سے جلدالگ صوبہ بنایا جائے، جبکہ مسلم لیگ ن نے دوقراردادیں جمع کراکے پنجاب کے عوام کے ساتھ جعلسازی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہی رہیں گے۔