09 مئی ، 2012
رتو ڈیرو… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم عوام سے جھوٹ بولتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے لوگ ہر روز عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔ رتوڈیرو میں سندھ نیشنل فرنٹ کے ورکرزکنونشن سے خطاب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کیساتھ میثاق جمہوریت کیا تھا جس پر وہ آج بھی قائم ہیں لیکن زرداری صاحب میثاق جمہوریت سے ہٹ چکے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ کوئی قرآن و حدیث نہیں۔ صدر اور وزیراعظم عوام سے جھوٹ بولتے ہیں ، حکومت کے لوگ ہر روز عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ سندھ میں غنڈہ راج ہے ، پورے ملک میں بدامنی، بھوک اور افلاس ہے، حکومت میں کوئی ایسا شخص نہیں جو کراچی کو امن دے سکے۔صدر نے سندھ کے عوام سے وفاداری نہیں کی۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے پڑے ہیں وطن کارڈ کے نام پر انہیں صرف 20 ہزار روپے دیئے گئے ہیں۔ سیکریٹ فنڈ میں اربوں روپے رکھے ہیں، مگر حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ میاں نواز شریف نے ممتاز بھٹو کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہا جلسہ گاہ میں ممتاز بھٹو زندہ باد کے نعرے لگوائے۔