09 مئی ، 2012
اسلام آباد … پوسٹل سروسز حکام نے قومی اسمبلی کی کمیٹی کو بتایا ہے کہ ریلوے بحران کی وجہ سے زیادہ سامان پی آئی اے اور سڑک کے ذریعے بھجوایا جارہا ہے۔ بشریٰ رحمن نے استفسار کیا ہے کہ ریلوے اور پی آئی اے کے بحران کے باعث کیا کبوتروں کو خطوط کی ترسیل کیلئے استعمال کرنے کی کوئی تجویز زیر غور ہے؟۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز کا اجلاس چیئرمین اسلم بودلا کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ سیکریٹری پوسٹل سروسز کا کہنا تھا کہ کوریئر سروسز کو ریگولیٹ کرنے کی سمری ایک سال پہلے کابینہ ڈویژن کو بھجوادی تھی۔ قائمہ کمیٹی اسے کابینہ اجلا س میں پیش کرانے کی کوشش کرے۔ کمیٹی ارکان نے کہا کہ کوریئر سروسز کو ریگولیٹ کرنے کی اتھارٹی وزارت پوسٹل سروسز کے ماتحت نہیں بلکہ آزاد ہونی چاہئے۔