09 مئی ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 119کارکن مرزاسرفراز علی ولد مرزا احمد علی کو مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے شہیدکرنے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعہ کوشہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ایک بار پھر ایم کیوایم کے کارکنان ، ذمہ داران اور ہمدردوں کا قتل عام کر کے شہر میں بدآمنی پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ شہر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر کے بے گناہ افراد کا خون بہایا جاسکے اور مرزا سر فراز علی کی ٹارکٹ کلنگ کا واقعہ بھی اسی سازش کا شاخسانہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے مرزا سرفراز علی شہید کے سوگوار اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردوں کی جانب سے مرزاسرفراز علی کے قتل کا فور ی نوٹس لیا جائے اور اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتا ر کرکے انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے ۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ تنظیم کے غنڈہ عناصر کی جانب سے اساتذہ کرام کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات میں ملوث غنڈہ عناصر کو امن اور تعلیم دشمن قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں نقل کے رجحانات کا پایا جانا قابل افسوس عمل ہے اوراس عمل کی سرپرستی کرنے والے طلبہ تنظیم کے غنڈہ عناصردراصل طلبہ و طالبات کو علم کی اصل دولت سے محروم کررہیں ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جس طلبہ تنظیم کے غنڈہ عناصر تعلیمی اداروں میں اساتذہ کرام کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور تعلیمی اداروں میں توڑ پھوڑاور کھلی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ پرامن تعلیمی ماحول کے کھلے دشمن ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ آدم جی سائنس کالج ، گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد اور گورنمنٹ نیشنل کالج میں اساتذہ کرام کو ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے اور تعلیمی اداروں میں نقل کے رجحان کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، اساتذہ کرام پر وحشیانہ تشدد اور کالجوں میں توڑ پھوڑ کرنے والے غنڈہ عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور نقل کے خا تمہ کرنے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم نوابشاہ زون کے انچارج شیراز مسعود کی پھوپھی محترمہ شاہد ہ بیگم ،لیاقت آباد سیکٹر یونٹ 163کے کارکن جہانزیب کے والدہ محترمہ عظمیٰ تاج الدین ، لاڑکانہ زون یونٹ Eکے کارکن علی بخش اوڈوکے بھائی دیدار حسین اور ایم کیوایم لیاقت آباد یونٹ 163کے کارکن آصف انور کی ہمشیرہ محترمہ نور بانو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے او ر سوگواران کوصبر جمیل عطا کرے ۔ (آمین)۔