19 مئی ، 2015
اسلام آباد......وزیراعظم نوازشریف نےکہاہےکہ حکومت تمام بھرتیاں اورترقیاں میرٹ پرکررہی ہے،خورشید شاہ صاحب جلدی گھبراجاتے ہیں تھوڑا صبرکریں،معاملہ خود دیکھوں گا، کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔خورشیدشاہ نے جواب دیاگھبرانے والے نہیں،ہم نے تو بڑے بڑے طوفانوں سے ٹکرا کر آپ کو محفوظ راستہ دیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید نے بیوروکریسی میں گریڈ19سے20 اور20 سے21 میں حالیہ ترقیوں کےدوران سندھ اوربلوچستان کے افسران کونظراندازکرنے کا الزام پھردہرایا اور کہاکہ صوبوں کو محرومیوں کا شکارکیاجارہاہے،یہ کسی ایک صوبے کے نہیں پاکستان کےقابل افسران ہیں،وزیراعظم معاملے کا خودنوٹس لیں۔اس پر ایوان میں موجود وزیراعظم نوازشریف کھڑے ہو کر قائد حزب اختلاف سے مخاطب ہوئے، کہ شاہ صاحب! گھبرائیں نہیں ، سب ٹھیک کرلیں گے۔ بھرتیاں اور ترقیاں اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہونی چاہئیں نہ کہ صوبائیت کی بنیاد پر ، کوئی ناانصافی یا زیادتی نہیں ہوگی۔میں خود ترقی کی فائلیں دیکھوں گا،پھر خورشید شاہ صاحب کو بھی بلاکر دکھاؤں گا اگر کوئی ایسا ایشو ہوا تو مل کرحل کریں گے۔